علما کرام نےشہادت عالمی سازش قراع دے دی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)علما کرام نے مولانا سمیع الحق کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اسے عالمی سازش اورملت اسلامیہ کے لئے بڑا نقصان قرار دیا ہے۔ انہوں نے سانحے کی غیرجانبدارانہ تحقیقات اورقاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قائدین مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر،مولانا انوار الحق، مولانا مفتی محمد رفیع عثمانی اور مولانا محمد حنیف جالندھری نے بیان میں کہا کہ مولانا سمیع الحق کی دینی،تعلیمی اور ملی خدمات مدتوں یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا اگر اس سے قبل شہید کیے گئے علما کرام کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جاتا تو آج ایک اور سانحہ کی نوبت نہ آتی-امیر جماعةالدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید، حافظ عبدالرحمن مکی،مولانا امیر حمزہ،ملی مسلم لیگ کے صدرسیف اللہ خالد، محمد یعقوب شیخ ، حافظ خالد ولیداور حافظ طلحہ سعید نے دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین اور جمعیت علمااسلام(س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق کو قاتلانہ حملہ میں شہید کئے جانے کو پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی بین الاقوامی سازش کا نتیجہ قرار دیا ہے۔اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ مولانا سمیع الحق نے پوری زندگی اسلام اور پاکستان کے دفاع کیلئے بھرپور کردارادا کیا اور جب بھی کبھی مشکل وقت پیش آیا ،انہوں نے ملک بھر کی سیاسی و مذہبی قیادت کو جمع کیا اور تحریک چلاتے ہوئے قوم کی رہنمائی کا فریضہ سرانجام دیا۔ ان کا دل ہمیشہ پاکستان کیلئے دھڑکتا تھا ۔ ان کی شہادت سے صرف پاکستانی قوم ہی نہیں پوری امت مسلمہ کو شدید صدمہ پہنچا ہے۔ حافظ محمد سعید نے کہاکہ حکومت کو چاہیے کہ وہ ان کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کرے اور وطن عزیز پاکستان کیخلاف گہری سازش کا پردہ چاک کیا جائے۔ انہوں نے مولانا سمیع الحق کیلئے دعائے مغفرت کی اور کہاکہ پوری پاکستانی قوم ان کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے مولانا سمیع الحق کے لواحقین اور کارکنان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ مولانا سمیع الحق کی شہادت نے سیکورٹی صورتحال کی قلعی کھول دی ۔ ان کی شہادت سے ملک و قوم ایک مدبر سیاستدان اور جید عالم دین سے محروم ہوگئے ہیں۔ انہوں نے پوری زندگی غلبہ دین کیلئے جدوجہد کی۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا کہ مولانا سمیع الحق کی شہادت ملک دشمنوں کی کامیابی ہے،ایک محب وطن اور اسلام کے سچے شیدائی کی شہادت ہمارے لئے ناقابل تلافی نقصان ہے ۔مجلس احراراسلام پاکستان کے مرکزی امیر سید عطاالمہیمن بخاری نے کہا کہ مولاناسمیع الحق کی شہادت ملک کےخلاف بہت بڑی عالمی سازش ہے۔مولانابڑے امن پسند انسان تھے۔مرکزی جمعیت اہل حدیث سندھ کے امیر مفتی یوسف قصوری نے کہا کہ مولانا سمیع الحق کی شہادت سے مسلمانوں کے اتحاد اور باہمی رواداری کی کوششوں کو دھچکا لگا ہے۔اہلسنت و الجماعت کے سرپرست مولانا احمد لدھیانوی اور مولانا اورنگزیب فاروقی نے کہا کہ واقعہ ملعونہ آسیہ کے کیس سے توجہ ہٹانے کی سازش ہے۔عالمی سازش کے تحت مولانا کو شہید کیا گیا ہے۔عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے رہنمائوں خواجہ عزیز احمد، مولانا ناصرالدین خاکوانی، اکرم طوفانی ،مفتی شہاب الدین پوپلزئ، مولانا اعجاز مصطفی، قاضی احسان احمد و دیگر نے کہا کہ واقعہ کھلی دہشت گردی اورعالم اسلام کیلئے عظیم سانحہ ہے۔جمعیت علمااسلام (س) کے رہنماؤں حافظ احمدعلی، الحاج قاری عبدالمنان انور،مفتی محمد حماداللہ مدنی، مفتی عابد ملک، مفتی اقبال اللہ، مفتی حضرت ولی ہزاروی، قاری لیاقت رحمانی، مولانامشتاق عباسی، مولاناغلام مصطفےٰ فاروقی، قاری عبدالوہاب انقلابی، قاری سیف الرحمان، مفتی محمدنقشبندی، پیر لیاقت علی شاہ ودیگر نے حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ فی الفورقاتلوں کو کیفرکردارتک پہنچایا جائے۔مولانا سمیع الحق کی پاکستان میں امن وامان کے قیام اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی میں اہم خدمات تاریخ کا انمٹ حصہ ہیں۔وہ ملکی وبین الاقوامی تناظر میں اپناکرداراداکرتے رہے۔

Comments (0)
Add Comment