افغان طالبان نے اسلام دشمن قوتوں کو ملوث قرار دیدیا

پشاور(نمائندہ خصوصی) افغان طالبان نے اسلام دشمن قوتوں کو ملوث قرار دیدیا ہے۔ مولانا سمیع الحق کی شہادت سے متعلق بیان میں کہا گیا ہے کہ سوویت یونین اور امریکی قبضے کیخلاف مولانا نے ساری زندگی دین کیلئے وقف کردی تھی۔ مولانا سمیع الحق کی شہادت عالم اسلام اور باالخصوص پاکستان کے مسلمان عوام کے لیے عظیم اور ناقابل تلافی نقصان ہے۔ مولانا سمیع الحق پر قاتلانہ حملہ بیشک اسلام کے دشمنوں کا فعل تھا، وہ نہیں چاہتے کہ مولانا سمیع الحق امت مسلمہ کو بیداری کا درس دیں، اسی لیے انہیں نہایت بزدلی سے شہید کردیا گیا۔ بیان کے مطابق امارت اسلامیہ افغانستان مولانا سمیع الحق کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتی ہے اور مطالبہ کیا کہ ان کے قاتلوں کو گرفتار کرکے منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔ افغان طالبان نے حکومت پاکستان ،مولانا سمیع الحق کے اہلخانہ، ان کی جماعت، تمام دینی حلقوں اور مسلم امہ کو دل کی گہرائیوں سے تعزیت کا اظہار کیا ہے اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے اور اہلخانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

Comments (0)
Add Comment