شریف خاندان رہائی کیخلاف نیب اپیل سماعت کیلئے مقرر

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )سپریم کورٹ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور دامان کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کی رہائی کے خلاف قومی احتساب بیورو (نیب) کی اپیل سماعت کے لیے مقرر کردی۔چیف جسٹس میاں ثاقب نثارکی سربراہی میں تین رکنی خصوصی بینچ 6نومبر کو درخواست کی سماعت کرے گا۔سماعت کے لیے نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو نوٹس جاری کر دیئے گئے جبکہ نیب کو بھی نوٹس جاری کیا گیا۔واضح رہے کہ نیب نے 22اکتوبر کو رہائی سے متعلق اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔نیب کی جانب سے عدالتِ عظمیٰ میں جمع کروائی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے مقدمے کے شواہد کا درست جائزہ نہیں لیا۔ درخواست میں کہا گیا کہ ہائی کورٹ نے اپنے ہی حکم نامے کے برخلاف درخواستوں کی سماعت کی اور اپیل کے ساتھ سزا معطلی کی درخواستیں سننے کا حکم دیا۔درخواست گزار کی جانب سے استدعا کی گئی تھی کہ عدالت، اسلام آباد ہائی کورٹ کے نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کی سزا معطلی کے فیصلے کو کالعدم قرار دے۔

Comments (0)
Add Comment