لاہور(نمائندہ امت)مقبوضہ جموں وکشمیر کے علاقے کشتواڑمیں نامعلوم افرادنے بی جے پی کے ریاستی سیکرٹری جنرل انیل پریہار اور اس کے بھائی اجیت کمار کوقتل کردیا، واقعہ کے بعدمسلم اکثریتی علاقوں کشتواڑاور بھدروہ میں کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے جبکہ کشمیر شاہراہ پر واقع قصبہ بانہال میں دفعہ 144نافذ کر دی گئی ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق کشتواڑ میں بھارتی فوج اور پولیس کے اضافی دستوں کو تعینات کر دیا گیا ہے۔ بھارتی فورسز کی جانب سے کشتواڑ کی سڑکوں پر فلیگ مارچ کیا جارہا ہے اور سکیورٹی دستوں کو بھدروہ جیسے علاقوں میں الرٹ رہنے کیلئے کہا گیا ہے۔قابض انتظامیہ نے موبائل اور انٹرنیٹ سروس بھی بند کر دی ہے، بی جے پی لیڈر انیل پریہار اوراس کے بھائی اجیت کوکشتواڑ کے علاقے تاپال گلی میں قتل کیا گیا جس کے بعد علاقے میں مظاہرے شروع ہو گئے، جس کی وجہ سے قابض انتظامیہ نے کرفیو نافذ کیا۔جموں پولیس نے انیل پریہار کے دو سیکورٹی گارڑز کوبھی پوچھ گچھ کیلئے حراست میں لیا ہے۔