بیجنگ (مانیٹرنگ ڈیسک) چین میں خاتون مسافر اور ڈرائیور کے درمیان چلتی گاڑی میں جھگڑے سے بس بے قابو ہو کر پُل سے دریا میں جا گری جس کے نتیجے میں 15 مسافر ہلاک ہوگئے جس میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بس میں موجود سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز سے پتہ چلا ہے کہ حادثہ 48سالہ خاتون مسافر کی وجہ سے پیش آیا جو اپنا اسٹاپ نکل جانے پر ڈرائیور سے بحث کررہی تھی اور مسلسل اپنا موبائل فون ڈرائیور کے سر پر مار رہی تھی۔ ڈرائیور خاتون مسافر کے حملے سے بچنے کی کوشش میں بس پر قابو کھو بیٹھا اور بس پل کی حفاظتی ریلنگ کو توڑتے ہوئے دریا میں گر گئی۔ قبل ازیں خیال کیا جا رہا تھا کہ حادثہ ڈرائیور کی غفلت کے باعث پیش آیا۔