کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاک کالونی پولیس نے نمبر بڑھانے رینجرز کے ہاتھوں گرفتار ملزم کو مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار ظاہر کردیا۔ تفصیلات کے مطابق پاک کالونی پولیس نے اپنی کارکردگی دکھانے کیلئے رات گئے علاقے میں جعلی مقابلے میں ملزم اکبر عرف لنگڑا کی زخمی حالت میں گرفتاری ظاہرکی۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز رینجرز نے بھتہ وصولی کے کیس میں مذکورہ ملزم کو گرفتارکیا تھا اور مزید تفتیش کیلئے پاک کالونی پولیس کے حوالے کیا تھا۔ ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق پاک کالونی پولیس نے ملزم کو موبائل میں بٹھا کرپاؤں میں گولی ماری اورمقابلے میں زخمی ظاہرکرکے اپنی کارروائی بنانے کی کوشش کی۔ ایس ایچ او سے متعدد بار رابطے کی کوشش کی گئی تاہم رابطہ ممکن نہ ہوسکا۔