فساد پیدا کرنے کی مذموم سازش کی گئی-سیاسی رہنما

اسلام آباد/ کراچی(رپورٹنگ ٹیم/ امت نیوز)جمعیت علماء اسلام (س) کے سربراہ مولاناسمیع الحق کی قاتلانہ حملے میں شہادت پر مختلف سیاسی رہنمائوں نے مذمت کی ہے۔مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا کہ ان کی شہادت پاکستان میں فساد پیدا کرنے کی مذموم سازش ہے۔ان کا شمار جید علما کرام میں ہوتا تھا۔ پارلیمنٹیرین کے طور پر بھی انہوں نے فعال اور متحرک کردار ادا کیا۔قوم دشمن قوتوں کی سازش ناکام بنانے کے لئے اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کرے۔سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ شہادت کی خبر سن کر انہیں بہت دکھ ہوا ہے۔مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد نے کہا کہ مولانا سمیع الحق کے قتل سے ناصرف پاکستان بلکہ پوری امت مسلمہ بہترین عالم دین سے محروم ہوگیا۔ان کا قتل ایسی سازش ہے، جس کے کرداروں کو سامنے لانا انتہائی ضروری ہوگیا ہے۔واقعہ ناقابل برداشت ہے، جس کا ازالہ روایتی بیانات سے نہیں ہوگا۔قاتلوں کی گرفتاری یقینی بنائی جائے۔انہوں نے کہا کہ سیاسی اور مذہبی رہنمائوں کی سیکورٹی واپس لے کر اس قسم کے واقعات کی راہ ہموار کی گئی۔ مولانا اتحاد بین المسلمین کے حوالے سے مضبوط ترین آواز تھے جسے خاموش کردیا گیا۔

Comments (0)
Add Comment