مصرمیں عرب نیٹوکی جنگی مشقیں شروع

قاہرہ (مانیٹرنگ ڈیسک)عرب نیٹونے مصرمیں جنگی مشقیں شروع کردیں۔بری ،بحری اورفضائی افواج کی یہ مشقیں 16 نومبر تک جاری رہیں گی اور ان کا کوڈ نام ’عرب شیلڈ‘ یا ’عرب ڈھال‘ ہو گا۔ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، کویت، بحرین اور اردن کی جانب سے جاری کردہ ایک فوجی بیان میں بتایا گیا ہے کہ مشقیں مصر کے مغربی حصے میں کی جائیں گی، جن میں لبنان اور مراکش بہ طور مبصر حصہ لیں گے۔مصری فوج ان پانچوں ممالک کی فوجوں کے ساتھ الگ الگ جنگی مشقیں تو کرتی آئی ہے، تاہم ’عرب ڈھال‘ مشقیں وہ پہلا موقع ہیں، جب ایک ہی وقت میں چھ عرب ممالک کی فوجیں ایک ہی مقام پر ایک ساتھ یہ مشقیں کریں گی۔اس سے قریب ایک ماہ قبل امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے ان چھ ممالک کے وزرائے خارجہ سے نیویارک میں ملاقات کی تھی اور کہا تھا کہ عرب دنیا کی ان ’سنی اکثریتی ریاستوں‘ کے اتحاد کے خیال کو آگے بڑھایا جانا چاہیے۔ تاہم مصری فوج کی جانب سے جاری کردہ بیان میں اس مجوزہ اتحاد اور ان جنگی مشقوں کے درمیان کسی تعلق پر کوئی بات نہیں کی گئی ۔یادرہے کہ تین برس قبل مصر میں عرب سربراہی اجلاس میں عرب ممالک کی مشترکہ عسکری فورسز کے قیام پر اتفاق کیا گیا تھا، تاہم یہ پہلا موقع ہے کہ عرب دنیا کے مختلف ممالک کی افواج ایک ساتھ اس انداز کی عسکری مشقوں میں مصروف ہیں۔ واشنگٹن حکومت نے اس عسکری اتحاد کو ’عرب نیٹو‘ کا نام دیا تھا۔

Comments (0)
Add Comment