کراچی(اسٹاف رپورٹر)احتساب عدالت نے پی ایس او میں 23ارب روپے کی کرپشن سے متعلق ریفرنس میں مفرور ملزمان سابق منیجنگ ڈائریکٹر نعیم یحییٰ میر اور سی ای او بائیکو عامر عباسی کی عدم حاضری پر ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ہیں۔ ریفرنس میں نعیم یحیی میر ، سابق ڈائریکٹر وزارت پیٹرولیم نیچرل ریسورسز صابر حسین ، نذیر احمد زیدی ، ذوالفقار علی جعفری، اختر ضمیر ، سی او او بائیکو کامران افتخار لاری اور صدر ریفائنریز بائیکو قیصر جمال نامزد ہیں۔احتساب عدالت نے ڈاکٹر عاصم و دیگر کے خلاف جامشورو جوائنٹ وینچر لمیٹڈ (جے جے وی ایل )میں 17ارب روپے کی کرپشن ریفرنس میں ڈاکٹر عاصم کی ایک روز کے لیے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے ریفرنس کی مزید سماعت 10نومبر تک ملتوی کردی ہے ۔احتساب عدالت نے سابق آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی و دیگر کے خلاف ایس آر پی حیدرآباد میں غیر قانونی بھرتیوں سے متعلق ریفرنس میں وکیل صفائی کو گواہ کے بیان پر جرح جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے ریفرنس کی مزید کارروائی 10نومبر تک ملتوی کردی ہے۔