شہباز کے داماد کیخلاف قریبی ساتھی کی نیب سے پلی بارگین

اسلام آباد(خبرنگارخصوصی)قومی احتساب بیورو (نیب) اور پنجاب پاور کے سابق سی ایف او اکرام نوید کے درمیان پلی بارگیننگ کا سمجھوتہ ہوگیا جبکہ اکرام نوید نے علی عمران کو کروڑوں کی رقم دینے کا اعتراف بھی کرلیا۔ چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کی جانب سے منظوری کے بعددرخواست حتمی منظوری کے لئے احتساب عدالت میں پیش کر دی گئی۔ احتساب عدالت کے جج محمد اعظم نے کیس مزید سماعت 6 نومبر تک ملتوی کر دی۔یادرہے کیس میں سابق وزیر اعلی شہباز شریف کے داماد علی عمران پراکرام نوید سے کروڑوں روپے رشوت لینے کا الزام ہےاور عدالت کی جانب سے 11اکتوبر کو علی عمران کی تمام جائیداد قرق کرنے کا حکم بھی دیا جاچکا ہے ۔کیس کے مرکزی ملزم اکرام نوید پر دوران سروس تین مختلف عہدوں پر تعیناتیوں کے دوران قومی خزانے کو 49 کروڑ 92 لاکھ 1ہزار 328 روپے کا نقصان پہنچانے کا الزام ہے جبکہ ملزم کی طرف سے پی ایل ڈی سی ایل میں 23 کروڑ 27 لاکھ 86 ہزار 295 روپے،ایرا میں 20 کروڑ 83 لاکھ 43 ہزار 746 روپے اورپی ایچ اے میں 3 کروڑ 72 لاکھ 50 ہزار 3 سو روپے غیر منقولہ جائیداد سے منافع کی مد میں ایک کروڑ 77 لاکھ 96 ہزار2سو جبکہ منقولہ جائیداد سے منافع کی مد میں 30 لاکھ 24 ہزار 851 روپے کی کرپشن کرنے کانیب حکام کے سامنے اعتراف کیاجاچکا ہے ۔ملزم نے اپنے بیٹے کے نام پر 122 کنال تین مرلے زرعی اراضی دینے کے ساتھ ساتھ دیگر جائیداد بھی دینے کا معاہدہ کیاہے۔احتساب عدالت میں کیس کی سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر حافظ اسد اللہ نے ملزم کی پلی بارگین کی درخواست پیش کی۔ عدالت کے روبرو نیب پراسیکیوٹر حافظ اسد اللہ کا کہنا تھا کہ ملزم کی پلی بارگین کی درخواست چیئرمین نےمنظور کرلی ہے۔ نیب حکام کا کہناہےکہ سابق چیف فنانس آفیسراکرام نوید نے پنجاب انرجی ڈویلپمنٹ کارپوریشن میں تعیناتی کے دوران قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا۔ اینٹی کرپشن نے ملزم اکرام نوید اور اس کی اہلیہ سمیت دیگر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا۔ جس کے بعدکیس نیب کو منتقل کردیا گیا ۔ سابق چیف فنانس آفیسر اکرام نوید پر الزام ہے کہ اس نے اپنی تعیناتی کے دوران اختیارات کا ناجائز استعمال کیا، ملزم نے کاسمک کنسلٹنٹ کو غیر قانونی ادائیگیاں کیں حالانکہ ان کے پاس کوئی ٹھیکہ بھی نہیں تھا۔ جس پر اکرام نوید اور عمر شمشاد ثمینہ سمیت دیگر ملزموں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ ملزم نے کرپشن کی رقم سے اپنی اہلیہ اور بچوں کے نام پر جائیدادیں خریدیں ۔ مقدمے میں اکرام نوید اسکی اہلیہ، برادر نسبتی سمیت دیگرملزمان شامل ہیں۔

Comments (0)
Add Comment