لندن (رپورٹ :توصیف ممتاز) لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن نے بانی متحدہ الطاف حسین کی حوالگی سےمتعلق خط برطانوی حکام کےحوالے کردیا، جبکہ پاکستانی حکومت نےریڈ وارنٹ کے لئے انٹر پول سے بھی رابطہ کیا ہے۔ ذرائع نے نمائندہ ‘‘امت ’’کو بتایا کہ دفتر خارجہ کی طرف سے اس حوالے سےجاری لیٹر پاکستان ہائی کمیشن لندن کو موصول ہوچکا ہے، جسےہائی کمیشن نے متعلقہ برطانوی حکام تک پہنچا دیاہے۔ اس حوالے سے ہائی کمیشن کے ترجمان منیر احمد کے نمائندہ ‘‘امت ’’کو بتایا کہ ہائی کمیشن اس طرح کے معاملات میڈیا کونہیں بتاتا کہ دفتر خارجہ یا پاکستان کی طرف سے احکامات یا ہدایات ہائی کمیشن کو موصول ہوئی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہائی کمشنر نےبھی اس بات پر نو کمنٹ کیا ہے۔دوسری طرف پاکستان نےالطاف حسین کے ریڈ وارنٹ کے لئے انٹر پول سے بھی رابطہ کیا ہے اور ایک خط انٹر پول کو بھی لکھا ہے ۔ اس حوالے سے جب نمائندہ ‘‘امت ’’نے انٹر پول حکام سے رابطہ کیا تو ان کا کہنا تھا کہ وہ کسی شخص کے متعلق میڈیا کو معلومات فراہم نہیں کرسکتے ہیں جب تک متعلقہ شخص یا ملک سے اجازت نہ لے لی جائے ،تاہم اس حوالے سے پاکستان ہی کوئی جواب دے سکتا ہے ۔