ملعونہ کی رہائی کیخلاف مظاہرے جاری – حرمت رسولﷺ مارچ آج ہوگا

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ملعونہ آسیہ مسیح کی رہائی کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔جمعیت اتحاد العلما اور جمعیت طلبہ عربیہ کے تحت پریس کلب پر مظاہرہ کیا گیا، جبکہ جماعت اسلامی کے تحت آج حرمت رسولؐ مارچ ہوگا، جس کی قیادت مرکزی امیر سراج الحق کریں گے۔تفصیلات کے مطابق مظاہرے سے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ، جمعیت اتحاد العلماکراچی کے ناظمِ اعلیٰ مولانا عبد الوحید ، منتظم جمعیت طلبہ عربیہ کراچی حافظ کاشف شبیر، مولانا حزب اللہ جھکڑو، مولانا یامین منصوری ، مولانا ضیا الرحمن فاروقی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔مقررین نے آج ہونے والے ”حرمت رسولؐ “ مارچ کی مکمل کا اعلان کیا اور کہا کہ مارچ میں علما کرام اور مدارس کے طلبہ بھی بڑی تعداد میں شریک ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ رہائی منظور نہیں۔فیصلے پر نظرثانی کی جائے۔ملعونہ کی بریت کے ذریعے غیور اور دین پر مرمٹنے والے پاکستانی عوام کی آزمائش کی جارہی ہے۔دریں اثنا جماعت اسلامی کراچی کے تحت آج بروز اتوار 3 بجے دن مسجد بیت المکرم سے حسن اسکوائر تک ”حرمت رسولؐ مارچ “ہوگا۔مارچ کی قیادت امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق ، حافظ نعیم الرحمن اور دیگر رہنما کریں گے۔مارچ کے سلسلے میں انتظامات کرلیے گئے۔مارچ میں شرکت کے لیے بنارس چوک سے سائٹ ٹائون کا قافلہ 3 بجے روانہ ہوگا۔علاوہ ازیں رکن صوبائی اسمبلی سید عبدالرشید نے اپنے بیان میں کہا کہ حرمت رسولؐ کے تحفظ سے کوئی نہیں روک سکتا۔حکمران کسی قسم کا دباؤ قبول نہ کریں۔آسیہ ملعونہ کی رہائی کسی صورت قبول نہیں۔انہوں نے کہا کہ میں بھی اپنے نبیؐ کی حرمت کے تحفظ کے لئے نکلا، تو مجھ پر بھی دباؤ ڈالا گیا کہ آپ منتخب نمائندے ہیں۔ آپ نے ناموس رسالتؐ پر سیاست کی، تو آپ کے ساتھ جو ہوگا وہ دنیا دیکھے گی۔میں دنیا کی ہر ضرورت پر مفاہمت کرسکتا ہوں، لیکن نبیؐ کی حرمت اور تقدس پر کوئی مفاہمت نہیں کرسکتا۔نبی اکرمؐ کی ذات سب کے لئے آئیڈیل ہے۔

Comments (0)
Add Comment