السلام آباد (امت نیوز)پاکستان کی نوجوان ویٹ لفٹر رابعہ شہزاد نے آسٹریلیا میں رالف کیش مین اوپن ویٹ لفٹنگ چمپئن شپ کی 55 کلوگرام کیٹیگری میں گولڈ میڈل جیت کر پاکستان کا نام روشن کردیا۔20سالہ رابعہ شہزاد نے اسنیچ (40کلو گرام )اور کلین اینڈ جرک (50کلو گرام )کے ساتھ کل 90 کلوگرام لفٹ کیا اور اپنے مد مقابل تمام کھلاڑیوں کو پچھاڑ دیا۔اس ایونٹ کا انعقاد نیو ساتھ ویلز ویٹ لفٹنگ ایسوسی ایشن نے کیا تھا، جس میں 15 ایتھلیٹس نے حصہ لیا۔دوسری جانب رابعہ شہزاد نے پاکستان ویمن پلئیر فیڈریشن سے شکوہ بھی کیا کہ وہ کسی بھی جگہ انٹری نہیں کرواتی۔انہوں نے بتایا کہ دسمبر میں ایشین پاور لفٹنگ چمپئن شپ کھیلنا چاہتی تھی لیکن فیڈریشن نے انٹری نہیں دلوائی جب کہ حکومت بھی مدد نہیں کرتی۔رابعہ شہزاد نے مزید بتایا کہ میں اپنی مدد آپ کے تحت مقابلہ لڑنے آسٹریلیا آئی ہوں تاہم پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن کو چاہیے کہ ایسی فیڈریشن کے خلاف ایکشن لے۔خیال رہے کہ رابعہ شہزاد نے رواں سال دوسرے غیر ملکی ایونٹ میں کامیابی حاصل کی ہے۔وہ اس سے قبل دبئی میں ایشین بینچ پریس چیمپیئن شپ میں بھی سلور میڈل جیت چکی ہیں۔رابعہ شہزاد نے بی بی اے کی تعلیم حاصل کر رکھی ہے لیکن ان کا رجحان بطور ویٹ لفٹر اپنا اور ملک کا نام روشن کرنا ہے۔
٭٭٭٭٭