راولاکوٹ(صباح نیوز)آزادکشمیر کے ممتاز سیاستدان ، بانی آزادکشمیر غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان کے صاحبزادے ، جموں کشمیر پیپلزپارٹی کے سربراہ ، ممبر قانون ساز اسمبلی سردار خالد ابراہیم خان اتوار کی صبح الشفاء انٹرنیشنل ہسپتال اسلام آباد میں انتقال کر گئے ۔ انہیں ہفتہ اور ا توار کی رات آٹھ بجے اپنی رہائش گاہ پر دماغ کی شریان پھٹ جانے کے باعث فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکے اور اتوار صبح 9بجے خالق حقیقی سے جاملے ۔ان کے انتقال کی خبر پورے آزادکشمیر اور دیگر مقامات پر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی ، ہر کوئی خبر سنتے ہی غم سے نڈھال ہوگیا۔ نماز جنازہ پیر 5نومبر دن 2بجے صابر شہید اسٹیڈیم میں ادا کی جائے گی ۔ انہیں آبائی قبرستان کوٹ متے خان میں اپنے والد اور والدہ کے پہلومیں سپر د خاک کیاجائے گا ۔حکومت آزادکشمیر نے پانچ نومبر بروز پیر پورے آزادکشمیر میں سرکاری تعطیل کا اعلان کردیا ہے ۔ پونچھ یونیورسٹی راولاکوٹ اور وویمن یونیورسٹی باغ کے سالانہ کنونشن جو کہ پانچ اور چھ نومبر کو ہونے تھے منسوخ کر دیئے گئے ہیں ۔ ا دھر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر سردار جاوید نثار ایڈووکیٹ نے پانچ نومبر پیر کو وکلا کی جانب سے یوم سوگ بنائے جانے کا اعلان کیا ہے ۔