کراچی (اسٹاف رپورٹر) رینجرز اور پولیس نے مختلف علاقوں میں مقابلے اورکارروائیوں کے دوران جعلی فوجی افسر،3 موٹرسائیکل لفٹر اور منشیات فروشوں سمیت22ملزمان کو گرفتارکرلیا۔ رینجرزسندھ نے مبینہ ٹاؤن کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے ملزم محمد عرفان کو گرفتار کیا جو خود کو جعلی فوجی افسر ظاہر کرکے مختلف جرائم میں ملوث ہے، ترجمان رینجرز کے مطابق ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ، ایمونیشن اور مسروقہ سامان برآمد کرکے تمام گرفتار ملزمان کو قانونی چارہ جوئی کے لئے پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔ رینجرز نے عید گاہ کے علاقے سے 2 ملزمان محمد حنیف عرف مامو اور سعد کوسکھن میں 3 ملزمان شہر یار علی رضا اور اسد کو گرفتار کر لیا۔ نارتھ ناظم آباد پولیس نے مقابلے کے بعد ایک ملزم جمال شاہ کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے اسلحہ اورموٹر سائیکل برآمد کرلی۔کلری پولیس نے دعا ہوٹل کے قریب مقابلے کے بعد ایک ملزم حیدر شاہ کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا۔کورنگی پولیس نے3موٹر سائیکل لفٹر اور 2اسٹریٹ کرمنل حسیب بیگ، ایاز،بابر علی ،عبداللہ ،سمیع اللہ کو سکھن پولیس نے گٹکا مافیا کے 2کارندوں حیدر علی اور پنہور کو سپر مارکیٹ پولیس نے شراب کے ڈیلر رضوان کو گرفتار کر کے8بوتل شراب اور موٹر سائیکل برآمد کرلی۔اے ایس پی کلفٹن کے مطابق ایک دوسری کارروائی میں 2 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔