مکہ مکرمہ(این این آئی)سعودی عرب میں مکہ مکرمہ صوبے کے اکثر ضلعوں بالخصوص جدہ میں درمیانی اور تیز بارشیں ہوئیں ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق صوبے میں شہری دفاع کے ادارے کے ترجمان نے بتایاکہ ادارے کی 54 ٹیمیں کسی بھی ہنگامی حالت سے نمٹنے کے لیے مختلف علاقوں میں موجود ہیں۔ترجمان نے مزید بتایا کہ مکہ مکرمہ کے گورنر کی ہدایت پر بارشوں کے دوران خصوصی منصوبوں پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں انتظامیہ کی تمام مشنری اور افرادی قوت کو استعمال میں لایا جائے گا۔ترجمان کے مطابق بارشوں کے سبب جدہ ضلع میں پانی جمع ہو گیا تاہم یہ غیر معمولی نوعیت کا نہیں تھا۔متعلقہ اہل کار آسانی کے ساتھ اس کو ختم کرنے میں کامیاب ہو گئے۔ علاوہ ازیں جدہ میں پانی جمع ہونے کی 28اطلاعات، درخت گرنے کی 2،بجلی کے کھمبے گرنے کی2اور بجلی کی فراہمی منقطع ہونے کی 36اطلاعات موصول ہوئیں۔اس دوران کسی جانی یا مادی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔