کراچی (اسٹاف رپورٹر) محکمہ بلدیات و کچی آبادی سندھ کے وزیر سعید غنی نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ نے مخصوص نشستوں پر منتخب بلدیاتی ارکارن اور کونسلروں کو اعزازیہ دینے کا حتمی منظوری دیدی ہے ۔جلد ہی لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013میں ترمیم کی جائے گی۔سیاسی وابستگی سے بالا تر ہو کرشہر کےمعاملات میں بہتری کیلئے میئر کراچی کا ساتھ دیں گے۔جس دن میئر کراچی کی جماعت نے کاندھا ہٹایا تو وفاقی حکومت بھی نہیں رہے گی ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار اتوار کو جمشید ٹاؤن میں اپنے اور مئیر کراچی وسیم اختر کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سعید غنی کا کہنا تھا کہ بلدیات اداروں کے ریٹائرڈ ملازمین بقایاجات اور پنشن معاملات کی نگرانی کیلئےکمیٹی تشکیل بنائی جارہی ہے جو ایسا ڈھانچہ بنائے گی جو مستقل حل نکالے گی ۔ بلدیہ شرقی سمیت کراچی میں مزید ترقیاتی کام کرائے جائیں گے۔ تجاوزات خاتمے کےلئے بلدیہ عظمیٰ کے ساتھ ہیں ۔میں مئیر کراچی کو یقین دلاتا ہوں کہ وہ جہاں ضروری سمجھیں میں ان کے ساتھ چلنے کو تیار ہوں۔ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ معاہدہ کی مکمل پاسداری کا پابند ہیں اور اگر وہ اس پر عمل درآمد نہیں کرے گا تو اسے کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔ مئیر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ ہم نے سپریم کورٹ کے احکام پر تجاوزات کے خلاف مہم شروع کر دی ۔جن تاجروں نے اپنی دکانوں کے آگے فٹ پاتھوں پر بھی اپنا کاروبار سجا رکھا ہے وہ اسے ازخود ختم کردیں۔تقریب سے چیئرمین ضلع شرقی معید انورو اپوزیشن لیڈر ذوالفقار قائمخانی نے بھی خطاب کیا ۔بعد ازاں صوبائی وزیر کو ڈی ایم سی ایسٹ کی جانب سے اجرک، جناح کیپ اور پھولوں کے تحائف پیش کئے گئے۔