کراچی (اسٹاف رپورٹر) ٹوٹی سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت کے دوران دھول مٹی سے دکاندار اور علاقہ مکین پریشان ،دمہ سمیت دیگر سانس کی بیماریوں میں مبتلا ہونے لگے ،جبکہ آلودگی میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ لانڈھی کی اہم سڑک مہران ہائی وے پر جگہ جگہ ٹوٹنے کی وجہ سے ہیوی گاڑیوںکی آمد ورفت کے سبب دھول مٹی سے مذکورہ سڑک کے کنارے پر قائم دکاندار اور اطراف کے مکین مختلف بیماریوں کا شکار ہو چکے ہیں ، سروے کے دوران ’’امت ‘‘کو لیبر اسکوائر پانچ سو کواٹر کے رہائشی ناصر نے بتایا کہ بھینس کالونی سے لے کر اسپتال چورنگی تک مہران ہائی وے کے اطراف میں مقیم ہزاروں خاندان دھول مٹی کی وجہ سے سانس، پھیپھڑے و دیگر بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں۔ گل احمد چورنگی پردکاندار یاقوت شاہ نے بتایا کہ چالیس سال سے زائد عرصے سے لانڈھی میں رہائش پذیر ہوں ، چار دہائی میں مذکورہ سڑک تین بار بنی ہے۔ لیکن ناقص میٹریل استعمال ہونے کی وجہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو جاتی ہے۔ علاقہ مکین شیرو بنگش نے بتایا کہ دھول مٹی سے مختلف اقسام کی الرجی پھیل رہی ہے ،خسینی چورنگی سے فائیو اسٹار گراؤنڈ والی سڑک پر دھول مٹی کے طوفان نے اطراف کے دکانداروں اور رہائشیوں کو ناک ‘حلق کی الرجی کے مسائل میں مبتلا کر دیا ہے ،جبکہ دھول مٹی سے امراض چشم کے مسائل میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔ مہران ہائی وے کی ٹوٹی سڑکیں دھول اور مٹی کے باعث ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ ہورہاہے۔