خیبرپختون اور سندھ کے تعلیمی بورڈ سربراہان نے بیرونی دوروں کا راستہ نکال لیا

پشاور ( صباح نیوز ) خیبر پختون خوا اور سندھ کے تعلیمی بورڈز کے چیئرمین حضرات نے اسپورٹس ایونٹس کے نام پر سرکاری خرچ پر بیرون ملک دوروں کا منصوبہ بنا لیا جبکہ پنجاب کے تعلیمی بورڈز نے اس کا حصہ بننے سے انکار کردیا ہے ۔ منصوبے کے تحت لڑکیوں کی ہاکی ٹیم کو میچ کھلانے کے لئے ملائیشیا بھیجا جار ہا ہے ، جس کی آڑ میں ملائیشیا کی سیر پر جانے کے لئے خبیر پختون خواہ اور سندھ سے کم از کم چھ تعلیمی بورڈز کے چیئرمین ملائیشا جانے کی تیاری کر چکے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق ملک بھر کے لگ بھگ 31سرکاری تعلیمی بورڈز پر مشتمل انٹر بورڈز کمیٹی آف چیئرمن ( آئی بی سی سی ) کی قائم کردہ اسپورٹس کمیٹی کے تحت مختلف کھیلوں کی ٹیموں کو بیرون ملک اسپورٹس ایونٹ پر لے جایا جاتا ہے جس کی آڑ میں مختلف بورڈز کے چیئرمین بھی ان ٹیموں کے ساتھ سرکاری اخراجات پر بیرون ملک دورے کرنے لگے ہیں ۔ اب لڑکیوں کی ہاکی ٹیم کو ملائیشیا بھیجا جا رہا ہے، جس میں خیبرپختون اور سندھ کے مختلف تعلیمی بورڈز سے خواتین ہاکی کھلاڑیوں کو منتخب کیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ ملک بھر کے تعلیمی بورڈز ( آئی بی سی سی ) کی ایک اسپورٹس کمیٹی بھی قائم ہے جو دو دو سال کے لئے چاروں صوبوں کو منتقل کی جاتی ہے ۔ آجکل یہ اسپورٹس کمیٹی دو سالہ مدت کے لئے سندھ کو منتقل ہو چکی ہے ۔ جس کی سربراہی ثانوی بورڈ کراچی کے چیئرمین سعید الدین کے پاس ہے۔ ذرائع کے مطابق ہر تعلیمی بورڈ سالانہ ایک لاکھ روپے اسپورٹس کمیٹی کے فنڈ میں جمع کراتا ہے جبکہ جس تعلیمی بورڈ کا کھلاڑی بیرون ملک جائے گا وہ بورڈ اپنے ہر کھلاڑی کے اخراجات کے لئے ڈیڑھ لاکھ روپے بھی جمع کرائے گا ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی بی سی سی میں ملک بھر کے سرکاری تعلیمی بورڈز کے ساتھ ساتھ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور قراقرم یونیورسٹی بھی ممبر ہیں اسی طرح چاروں صوبوں کے ٹیکسٹ بک بورڈز اور بیوروز آف کریکیولم بھی اس کمیٹی کے رکن ہیں۔ اس طرح آئی بی سی سی کے مجموعی ممبران کی تعداد 48تک پہنچ چکی ہے ۔ ذرائع کے مطابق تعلیمی بورڈز کے چیئرمین حضرات کو مکتوب ارسال کیا گیا ہے کہ وہ پندرہ دنوں کے اندر ملائیشاء جانے کے لئے منتخب ہونے والی خواتین ہاکی کھلاڑیوں کے اخراجات کی مد میں فی کھلاڑی ڈیڑھ لاکھ روپے کے حساب سے رقم ادا کر دیں ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک ٹیم کے ساتھ خیبرپختون خوا اور سندھ کے چھ سے سات تعلیمی بورڈز کے چیئرمین حضرات اسپورٹس فنڈز پر بیرون ملک جانے کی تیاریاں مکمل کر چکے ہیں ۔ تاہم پنجاب کے بورڈز نے اس کا حصہ بننے سے انکار کیا ہے۔

Comments (0)
Add Comment