گلوکارفخر عالم نے دنیاکاچکر لگانے والے پہلے پاکستانی بن گئے

تالاہاسی(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستانی گلوکارواداکار فخر عالم نے اپنا خواب ’مشن پرواز‘ مکمل کرلیاجس کے بعد وہ دنیا کا چکر لگانے والے پہلے پاکستانی بن گئے۔گورنر سندھ نے گلوکار کو اہم سنگ میل عبور کرنے پر مبارکباد پیش کی ہے۔ فخر عالم نے مشن مکمل کرنے کی خوشخبری سب کو ٹوئٹر پر ویڈیو پیغام کے ذریعے دی،آج وطن واپس آئیں گے۔فخر عالم کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنے مشن کا آغاز 10اکتوبر کو فلوریڈا سے کیا تھا جس میں انہوں نے 24دن میں22ممالک کا سفر کیا ہے اور اب وہ واپس فلوریڈاپہنچ گئے ہیں جہاں انہوں نے آفیشل طورپر کامیابی سے مشن پرواز مکمل کرلیا ہے۔فخرعالم نے پورے پاکستان کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ اب ہمارا نام ہوا بازی کی تاریخ میں لکھا جا چکا ہے۔ٹوئٹر پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ مشن پرواز کا خواب بھلے ان کا ہے لیکن یہ وطن عزیز سے منسلک ہے، اس کے تحت دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت عکس پیش ہوگا اور دنیا کو پتہ چلے گا کہ ہمارے پاس ڈاکٹرز، انجینئرز، گلوکار، سائنسدان اور ہواباز سب موجود ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ مشن پروازکے ذریعے تمام شہداء کوخراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔اس مشن کے تحت وہ دنیاکے مختلف ممالک کے 22اسٹاپس پر گئے جن میں کینیڈا، گرین لینڈ، آئس لینڈ، برطانیہ، مصر، بحرین، ڈھاکا، بینکاک، جکارتا، سنگاپور، آسٹریلیا، فلپائن، جاپان، روس، الاسکا، دبئی اور فلوریڈا شامل ہیں۔اس دوران فخر عالم کو روس کے ایئر پورٹ پر ویزہ ایکسپائر ہونے کی بناء پر حراست میں بھی لیا گیا تھا،جس کے بعدانہوں نے حکومت پاکستان سے مدد کی اپیل کی تھی۔بعدازاں دفتر خارجہ نے نوٹس لے کر پاکستانی سفارت خانے کو گلوکار کی مدد کی ہدایت کی تھی اور انہیں ویزہ فراہم کردیا گیا تھا۔ فخر عالم آج فلوریڈا سے واپس پاکستان پہنچ جائیں گے۔دوسری جانب گورنر سندھ عمران اسماعیل نے فخر عالم کو اہم سنگ میل عبور کرنے پر مبارکباد پیش کی ہے۔

Comments (0)
Add Comment