جی سی سی انٹرنیشنل فارنزک نمائش-کانفرنس میں پاکستانی وفد کی شرکت

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ابو ظہبی میں منعقدہ دو روزہ جی سی سی انٹرنیشنل فارنزک نمائش ۔ کانفرنس میں پاکستان کے 12رکنی وفد نے اے آئی جی فارنزک ڈویژن سندھ مقصود احمد کی قیادت میں شرکت کی۔ شعبہ تفتیش کے جملہ امور کو غیرمعمولی اور نتیجہ خیز بنانےکیلئے مذکورہ افسران نے کانفرنس میں نہ صرف حصہ لیا بلکہ فارنزک سائنس کے استعمال تحقیق و چھان بین سے متعلق سیر حاصل معلومات اور تجربات سے بھی استفادہ کیا۔اس حوالے سے آئی جی سندھ ڈاکٹرکلیم امام نے کہا کہ فارنزک سائنس جدید اور ماڈرن خطوط سے آراستہ ایسا علم ہے جو محکمہ پولیس اور شعبہ تفتیش کے افسران اور جوانوں کی پیشہ وارانہ صلاحیت اور مہارت کیلئے انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بالخصوص شعبہ تفتیش کا لیول اتنا بلند ہونا چاہیئے کہ جس کے تحت ٹھوس شہادتوں کو فارنزک سائنس کی بدولت نہ صرف موثر بنایا جاسکے بلکہ ملزمان کو مثالی سزائیں دلائی جا سکیں ۔واضح رہے کہ سندھ پولیس کے11اور پنجاب پولیس کے ایک افسر پر مشتمل وفد کو لیب ویئرعریبیہ اور جی آئی زیڈ نے خصوصی طور پر مدعو کیا تھا۔

Comments (0)
Add Comment