راولپنڈی(نمائندہ امت/خبرنگارخصوصی)چیف جسٹس سپریم کورٹ میاں ثاقب نثار کو دل میں تکلیف کے باعث راولپنڈی انسٹیوٹ آف کارڈیالوجی ( آر آئی سی) میں داخل کرلیا گیاجہاں ان کی کامیاب اینجوپلاسٹی کی گئی،چیف جسٹس ثاقب نثار انتہائی سخت سیکورٹی میں فیملی کے ہمراہ چیک اپ کے لیے راولپنڈی انسٹیوٹ آف کارڈیالوجی پہنچے جہاں آر آئی سی کے سربراہ میجر جنرل (ر) اطہر کیانی نے چیف جسٹس کا چیک اپ کیا۔ چیک اپ کے دوران پتہ چلا کہ چیف جسٹس ثاقب نثار کے دل کی ایک شریان بند تھی، اسپیشل بیلون استعمال کرکے شریان کی بندش دور کردی گئی تاہم چیف جسٹس کو مزید دیکھ بھال کے لیے اسپتال میں داخل کرلیا گیا ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےسربراہ آر آئی سی جنرل (ر) اظہر کیانی کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس ثاقب نثار کی کامیاب اینجوپلاسٹی کی گئی اور دل کی ایک بند شریان کو کھول دیا گیا، چیف جسٹس کی حالت خطرے سے باہر ہے اور اب وہ اہلخانہ سے گفتگو بھی کررہے ہیں جب کہ چیف جسٹس کو کیتھ لیب سے وی وی آئی پی وارڈ منتقل کردیا گیا ہے۔