لاہور(امت نیوز)جماعۃ الدعوۃ پاکستان کے سربراہ پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ مولانا سمیع الحق کے بہیمانہ قتل میں ملوث خفیہ طاقتوں کو بے نقاب کیا جائے، ان کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دینا بہت ضروری ہے،حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو چاہیے کہ وہ اپنی ذمہ داری ادا کریں اور اس سلسلہ میں کسی قسم کی غفلت کا مظاہرہ نہ کیا جائے۔مرکز القادسیہ لاہور میں مرکزی ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ سعید نے کہا کہ مولانا سمیع الحق کو شہید کرنا اسلام اور پاکستان کیخلاف بہت بڑی سازش ہے،وطن عزیز پاکستان میں دہشت گردی پروان چڑھانے کامسئلہ ہو، افغانستان میں اتحادی ملکوں کی جارحیت ہو یا کشمیر، فلسطین و دیگر خطوں میں مظلوم مسلمانوں کی عزتیں و حقوق غصب کرنے جیسے معاملات ہوں۔ دفاع پاکستان کونسل نے مولانا سمیع الحق کی قیادت میں ملک گیر سطح پر بھرپور جدوجہد کی اور بیرونی سازشوں کا توڑ کیا۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی جیسے شہر میں رہائشگاہ پر مولانا کو جس طرح شہید کیا گیا اس سے کئی طرح کے سوالات پیدا ہوئے ہیں۔پاکستان کیخلاف سازشوں کے آگے بند باندھنے کیلئے ان کے قاتلوں کی فی الفور گرفتاری اور انہیں قوم کے سامنے لانا بہت ضروری ہے،یہ سانحہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کیلئے بہت بڑا امتحان ہے۔