وزیراعظم کی تقریر کے دوران پی ٹی وی نے بیجنگ کو”begging”لکھ دیا

اسلام آباد (امت نیوز )سرکاری نشریاتی ادارے ”پی ٹی وی “نے وزیر اعظم عمران خان کے چین سے خطاب کی لائیو نشریات کے دوران سنگین غلطی کردی جس سے سوشل میڈ یا پر تہلکہ مچ گیا،وزیر اطلاعات فواد چودھری نے نوٹس لے کر تحقیقات کا حکم دے دیا۔تفصیل کے مطابق وزیراعظم کے خطاب کے دوران پی ٹی وی کی سکرین پر تقریب کے مقام انعقاد کے طورپر چینی دارالحکومت ’beijing‘کے بجائے ”begging“ لکھ دیاگیا جس کا مطلب ہے بھیک مانگنا۔اس سنگین غلطی پرسوشل میڈ یا پرتہلکہ مچ گیا۔اینکر پرسن منصور علی خان نے تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی وی کو وزیراعظم کے ساتھ ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا۔اینکر پرسن غریدہ فاروقی نے کہا ”بھیک مانگنا!!!پی ٹی وی بہت تیزی کے ساتھ خود مختار ہو رہا ہے“۔گل بخاری نے بھی اس غلطی کی نشاندہی کی۔ پی ٹی وی نیوز کے اعلیٰ حکام کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ سنگین غلطی پی ٹی وی نیوز کی سکرین پر20 سیکنڈ تک نشر ہوتی رہی جس کے بعدمتعلقہ سٹاف کواحساس ہوا اورانہوں نے بیجنگ کے سپیلنگ درست کئے۔پی ٹی وی حکام کا کہنا ہے کہ اس سنگین غلطی پر ادارہ معذرت خواہ ہے جبکہ اس کے مرتکب سٹاف کیخلاف محکمانہ کارروائی شروع کردی گئی ہے۔

Comments (0)
Add Comment