پشاور(نمائندہ امت)جامعہ دارالعلوم حقانیہ کے مہتمم اور جمعیت علماء اسلام(س)کے سربراہ مولانا سمیع الحق کی شہادت کے بعد دارالعلوم حقانیہ میں مولانا سمیع الحق کی روح کے ایصال ثواب اور بلند درجات کیلئے فاتحہ خوانی اور قرآن خوانی کا سلسلہ دوسرے روز بھی جار ی رہا۔مولانا سمیع الحق شہید کے شاگردوں سمیت اکوڑہ خٹک سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد صبح سے ہی دارالعلوم حقانیہ پہنچ گئی تھی اور اس دوران مولانا سمیع الحق کی رو ح کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی و فاتحہ خوانی کا سلسلہ شروع ہو گیا جبکہ آج پیر کے روز مولانا سمیع الحق شہید کی رسم قل ادا کی جائے گی جس کیلئے تمام تیاریاں اور انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں ۔