لاہور(امت نیوز-مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے پنجاب میں نئے بلدیاتی نظام کی منظوری دے دی۔وزارت قانون نے نئے بلدیاتی نظام کے قانونی مسودہ کی تیاری پر کام شروع کردیا ہے جسے جلد پنجاب کابینہ اور پھر صوبائی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔پنجاب کے وزیربلدیات عبدالعلیم خان نے نئے بلدیاتی نظام کی منظوری کی تصدیق کردی ہے۔نئے نظام کے تحت تحصیل اورسٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹس قائم کی جائیں گی،شہری علاقوں میں ٹاؤن کونسل اور دیہی علاقوں میں ڈسٹرکٹ کونسل ختم کرکے دیہی علاقوں میں ویلیج کونسل اور شہری علاقوں میں نیبرہڈ کونسل بنائی جائیں گی۔ تحصیل اورسٹی ڈسٹرکٹ حکومتوں میں میئرز کے انتخابات براہ راست جماعتی بنیادوں پر ہونگے۔ تاہم حکومت پنجاب ویلیج کونسل اور نیبرہڈ کونسل کے انتخابات غیر جماعتی بنیادوں پر کرانے کی خواہشمند ہے۔ بلدیاتی ادارے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، واسا، ڈویلپمنٹ اتھارٹیز، پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) بلدیاتی حکومتوں کے ماتحت ہوں گے، تاہم پولیس بلدیاتی نمائندوں کے ماتحت نہیں ہوگی۔ ذرائع کے مطابق نیبرہڈ کونسل اور ویلیج کونسل چھ چھ ارکان پر مشتمل ہوگی جن کے سربراہان کو چیئرمین کہا جائے گا۔ان کونسلز کے تین ارکان کو براہ راست منتخب کرنے اور تین اسپیشل سیٹیں رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔پنجاب کے وزیر بلدیات علیم خان کاکہنا ہے کہ جلد مسودہ قانون پنجاب کابینہ اورپھر پنجاب اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔