کراچی (اسٹاف رپورٹر) سپر ہائی وے پر قائم بانس، لکڑی کی پیٹیوں اور چٹائیوں کی مارکیٹ میں خوفناک آگ لگنے سے درجنوں دکانیں اور سامان جل کر خاکستر ہوگیا، جبکہ اورنگی اور کورنگی کارخانہ اور گودام جل گیا، تینوں واقعات میں کروڑوں کا سامان خاکستر ہوگیا۔ شعلوں سےخوف و ہراس پھیل گیا۔ تفصیلات کے مطابق سائٹ سپر ہائی وے کے علاقے جنجال گوٹھ میں قائم بانس، لکڑیوں کی پیٹیوں اور چٹائی سمیت دیگر اشیا کی عارضی مارکیٹ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کی اطلاع ملتے ہی فائربریگیڈ کی 2گاڑیاں پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پانے کی کوشش شروع کردی، تاہم تیز ہوا اور لکڑیوں کے باعث آگ نے دکانوں کو بھی لپیٹ میں لینا شروع کردیا اور شعلے آسمان سے باتیں کرنے لگے، جس سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ آگ کی شدت کو دیکھتے ہوئے مزید گاڑیوں کو طلب کیا گیا، جبکہ واٹر باؤزر بھی منگوا لئے گئے۔ ترجمان نے بتایا کہ آگ کی شدت پر مزید 8گاڑیاں اور 3باؤزر بھیجے گئے تھے، لیکن پانی کی کمی کو دیکھتے ہوئے واٹر بورڈ سے مدد طلب کی گئی۔ ترجمان نے کہا کہ آگ سے درجنوں دکانیں اور ان میں رکھا لاکھوں کا سامان جل گیا ہے۔ ادھر کورنگی صنعتی ایریا میں واقع روئی کے گودام میں آگ کی اطلاع پرفائر بریگیڈ کی 3گاڑیاں پہنچ گئیں۔ ترجمان نے بتایا کہ آگ میں لاکھوں کا سامان جلا ہے۔ اورنگی میں قائم کارخانے میں بھی ایسا ہی واقعہ پیش آیا، جہاں سہہ پہر کے وقت اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کی اطلاع پر 2گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں۔ ترجمان نے بتایا کہ آگ ایک گھنٹے میں بجھا دی گئی واقعے میں لاکھوں کا سامان جل گیا۔