شہباز سینئر انٹرنیشنل ہاکی ایگزیکیٹو بورڈ کے رکن منتخب

کراچی (امت نیوز)پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اور پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے سیکریٹری شہباز سینئر کو بھارت میں منعقدہ انتخابات میں انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) کے 4 رکنی ایگزیکیٹو بورڈ میں رکن منتخب کیا گیا۔ایف آئی ایچ کا 46 واں کانگریس اجلاس بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں ہوا جس میں دنیا بھرسے 250 مندوبین نے شرکت کی جہاں 2 مرد اور 2 خواتین امیدواروں کو ایگزیکیٹو بورڈ اراکین کے لیے منتخب کیا گیا۔جرمنی کے ڈاکٹر مائیکل گرین، شہباز سینئر کے ساتھ رکنیت حاصل کرنے والے دوسرے مرد امیدوار ہیں، خواتین کی نشستیں ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو کی ماورین کریگ روسو اور گھانا کی ایلزبیتھ سوفوا کنگ کے نام رہیں۔ہاکی کے عظیم کھلاڑیوں میں شمار ہونے والے شہباز سینئر اپنے چار سالہ مدت کے دوران پاکستان ہاکی میں آنیو الے اتار چڑھاؤ کے باعث پی ایچ ایف کے سیکریٹری کے طور پر اپنے کردار کو نکھار نہیں پائے۔شہباز سینئرنے پاکستان کے لیے 300 بین الاقوامی میچ کھیلے اور ان کی قیادت میں پاکستان نے 1994 میں سڈنی میں ورلڈ کپ جیتا، وہ 1990 اورسڈنی میں 1994 کے ورلڈکپ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے۔

Comments (0)
Add Comment