لندن(امت نیوز) برطانوی تیراک روز ایڈگلے نے 157 روز تک سمندر میں تیراکی کرکے نیا عالمی ریکارڈ بنالیا۔ ایڈگلے نے برطانیہ کے مارگیٹ ساحل سے یکم جون کو اپنے سفر کا آغاز کیا اور 157روز تک 200میل کا سفر طے کرنے کے بعدسفر کا اختتام کیا۔ ایڈگلے دنیا کے پہلے شخص بن گئے، جنہوں نے طویل ترین تیراکی کی اور 157روز تک زمین پر قدم رکھے بغیر سمندر میں تیرتے ہوئے اپنا سفر طے کیا۔ وہ روزانہ 12 گھنٹے تیراکی کرتے اور کھانے میں یومیہ 640کیلے کھاتے جو ان کی غذائی ضرورت کو پورا کرتا۔سمندری سفر کے دوران لائیو بوٹ بھی ان کے ہمراہ تھی لیکن انہوں نے مسلسل سمندر میں رہ کر نیا عالمی ریکارڈ بنایا، جس پران کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔ 33سالہ برطانوی تیراک نے دوران سفرکئی مشکلات کا بھی سامنا کیا، ایک موقع پر جیلی فش نے ان کے چہرے پر بھی حملہ کیا۔ ایڈگلے کا خیال تھا کہ وہ یہ سفر 100روز میں طے کرلیں گے۔