تہران (امت نیوز)ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ اسلامی جہوریہ ایران امریکا کی طرف سے ایران کے خلاف لگائی جانے والی پابندیوں کی فخریہ خلاف ورزی کرے گا۔ ایران کے خلاف تازہ امریکی پابندیوں کا اطلاق گزشتہ روزپانچ نومبر سے ہو گیا ہے۔ ایران کے خلاف تازہ امریکی پابندیوں میں ایران کی تیل کی برآمدات اور مالیاتی شعبوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ ایران کے سرکاری ٹیلی وژن پر نشر ہونے والے اپنے خطاب میں ایرانی صدر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ میں اعلان کرتا ہوں کہ ہم غیر قانونی اور غیر منصفانہ پابندیوں کی فخریہ خلاف ورزی کریں گے کیونکہ یہ بین الاقوامی قواعد کے خلاف ہیں۔‘‘صدر کا مزید کہنا تھا، ’’ہم معاشی جنگ کی صورتحال میں ہیں اور ایک ڈرانے دھمکانے والی طاقت کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ میں نہیں سمجھتا کہ امریکا کی تاریخ میں آج تک کوئی ایسا شخص وائٹ ہاؤس میں داخل ہوا ہو جو قانون اور بین الاقوامی معاہدوں کے اس قدر خلاف ہو۔‘‘ حسن روحانی کا اپنے خطاب میں کہنا تھا، ’’امریکا چاہتا ہے کہ ایرانی تیل کی فروخت صفر پر آ جائے مگر ہم اپنے تیل کی فروخت جاری رکھیں گے۔‘‘