کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ دیکھا گیا۔کاروباری ہفتے کے پہلے روز انٹربینک میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں استحکام نظر آیا اور کاروبار کے دوران ڈالر کم سے کم 9پیسے سستا ہوکر 132 روپے 45پیسے پر فروخت ہوا۔جب کہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 60پیسے مہنگا ہوا ور 132روپے میں فروخت ہوا۔ کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قدر میں 7پیسے کمی واقع ہوئی اور ڈالر 132روپے 47پیسے پر بند ہوا جب کہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر70پیسے مہنگا ہوا اور فروخت 132روپے 50پیسے رہی۔دوسری جانب پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 510 پوائنٹس کی کمی سے 100انڈیکس 41ہزار 493پوائنٹس کی سطح پر بندہوا۔کاروباری ہفتے کے پہلے روز پاکستان سٹاک ایکسچینج مندی کا شکار رہی۔ دوران ٹریڈنگ 100انڈیکس ایک وقت میں 900پوائنٹس سے زائد نیچے آ گیا مگر اختتام پر مارکیٹ 510پوائنٹس کی کمی کے بعد 41ہزار 493 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوئی۔سٹاک تجزیہ کاروں کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین سے متعلق کاروباری حلقوں میں مختلف خبریں گردش کر رہی تھی۔ ٹریڈرز اور صنعت کار سعودی عرب کی طرح چین سے بھی 6ارب ڈالر کے پیکیج کی توقع کررہے تھے مگر دونوں ممالک کے مشترکہ اعلامیہ میں جب ایسی کوئی خبر نہ ملی تو سٹاک مارکیٹ کے سرمایا کاروں کو دھچکا پہنچا۔