لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)صوبائی دارالحکومت میں تھانہ رنگ محل کے ایس ایچ او زاہد محمود راٹھور قاتلانہ حملے کے نتیجے میں گن مین اور ڈرائیور سمیت جاں بحق ہو گئے۔پولیس کے مطابق انسپکٹر زاہد محمود راٹھور کی گاڑی پر نامعلوم موٹرسائیکل سوار حملہ آوروں نے اُس وقت فائرنگ کی جب وہ تھانہ رنگ محل آنے کیلئے مریدکے میں واقع اپنی رہائش گاہ سے نکلے تھے۔فائرنگ کے نتیجے میں ایس ایچ او اور گن مین موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔دوسری جانب واقعہ کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔پولیس نے جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات کا آغاز کردیا۔پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ واقعہ دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ ہوسکتا ہے جس میں پہلے ہی مقتول زاہد محمود کا بھائی اور بھتیجا نشانہ بن چکا ہے۔ پولیس ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے اور جلد وہ حراست میں ہوں گے۔ملزمان کی شناخت کیلئےسی سی ٹی وی کیمروں کی مدد بھی حاصل کی جا رہی ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے انسپکٹر زاہد محمود پر حملے کا نوٹس لے کر رپورٹ طلب کر لی۔