حکومت نے دورہ چین سے کچھ بھی حاصل نہیں کیا-شہباز شریف

اسلام آباد(خبرایجنسیاں)قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے کہاہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے وزیر اعظم کے دورہ چین سے کچھ بھی حاصل نہیں کیا،موجودہ صورتحال میں اپوزیشن نے ماضی کی اپوزیشن کے طرزعمل سے ہٹ کرملک و قوم کے مفاد میں قابل تقلید کردار اداکیا اورجلتی آگ پر تیل ڈالنے کے بجائے پانی ڈالنے والوں میں اپنا نام لکھوایا، بطور اپوزیشن عوام دشمن حکومتی اقدامات کی ہر سطح پر مزاحمت کریں گے۔اقوام متحدہ مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لے۔ پیر کوپاکستان مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس قومی اسمبلی کے کمیٹی روم میں پارٹی کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف کی زیرصدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی،معاشی اور داخلی صورتحال کا جائزہ لیاگیا اورمستقبل کی حکمت عملی کے حوالے سے غور کیاگیا۔شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب میں ارکان کو ان اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا جو اپوزیشن نے حالیہ دھرنے کے دوران امن کے قیام کے لئے اٹھائے۔انہوں نے کہاکہ ماضی میں پی ٹی آئی نے ایسے ہی مواقع کو اپنے سیاسی مفاد ات کے لئے بے رحمی سے استعمال کیا تھا لیکن موجودہ اپوزیشن بالخصوص مسلم لیگ (ن) نے اس معاملے پر سیاست کے بجائے عوام اور ملک کے مفاد کو مدنظر رکھا اور امن کے قیام کے لئے مثبت روایت قائم کی۔اجلاس میں ارکان نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ملک سنگین معاشی گرداب میں ہے جس سے نکلنے کی کوئی صورت دکھائی نہیں دے رہی کیونکہ حکومت کے پاس کوئی معاشی وژن نہیں اور نہ کوئی حکمت عملی ہے جس کی بنا پر معاشی عدم استحکام اور غیریقینی کی صورتحال میں ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید سنگینی آرہی ہے،یہ صورتحال ملک و قوم کے مفاد میں نہیں اور اس کے قومی سلامتی کے لئے بھی سنگین مضمرات ہوسکتے ہیں،خراب معاشی صورتحال اور گیس، بجلی اور دیگر اشیاء کے بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا تازہ بم عوام پر گرانے سے مہنگائی کا سونامی آچکا ہے جس نے عام عوام سمیت معاشرے کے تمام طبقات کی زندگی اجیرن بنادی ہے۔اجلاس میں جمعیت علمائے اسلام (ف)کے سربراہ مولانا سمیع الحق کے قتل کی مذمت کی گئی اور حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ اس بہیمانہ قتل میں ملوث عناصر کو بے نقاب کیاجائے۔ اجلاس میں مولانا سمیع الحق، ممتاز کشمیری رہنما سردار خالد ابراہیم اورشہداء کشمیر کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کو حالیہ کامیابی پر مبارک باد بھی دی گئی۔

Comments (0)
Add Comment