سرگودھا(امت نیوز)ایک غریب محنت کش کے نام پر کروڑوں روپے مالیت کی 4 لگژری گاڑیوں کی رجسٹریشن نکل آئی۔سرگودھا کے علاقے محافظ ٹاؤن کے رہائشی 60 سالہ اللہ دتہ کے نام پرچار لگژری گاڑیوں کا انکشاف اُس وقت ہوا جب ٹریفک کے ایک حادثے میں ایک نوجوان کی ہلاکت کے بعد محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے اللہ دتہ کو نوٹس جاری کیا۔ ریکارڈ چیک کیا گیا تو اللہ دتہ چارگاڑیوں کا مالک نکلا۔غریب اللہ دتہ ان گاڑیوں سے جان چھڑوانے کے لیے ایکسائز آفس کے چکر لگا رہے ہیں، جن کا کہنا ہے کہ وہ اس عمر میں دفاتر کے چکر نہیں لگا سکتے۔اللہ دتہ اس بات پر حیران ہیں کہ انہوں نے زندگی میں آج تک سائیکل تک نہیں خریدی، وہ اچانک 4 گاڑیوں کے مالک کیسے بن گئے۔دوسری جانب محکمہ ایکسائز اینڈٹیکسیشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ گاڑیوں کے اصل مالکان کوتلاش کرکے اس مکروہ دھندے کا سراغ لگایا جائے گا۔