نواز شریف کی شہباز سے ملاقات میں نیب مقدمات پر مشاورت

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سابق وزیر اعظم نواز شریف نے سب جیل میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے ملاقات کی،دونوں رہنماؤں نے حکومتی کارکردگی کو مایوس کن قرار دیا جبکہ نیب کیسزپر مشاورت ہوئی۔پیر کے روز سابق وزیر اعظم نواز شریف نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے منسٹر انکلیو میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں نواز شریف نے بھائی کی خیریت دریافت کی اور ملاقات کے دوران ملکی سیاسی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں رہنماؤں نے ملک کے موجودہ حالات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے مایوس کن قرار دیا۔نیب کیسزکے علاوہ ملاقات میں سیاسی صورتحال، نیب کیسز، پارٹی امور اور آئندہ کی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی، اس کے علاوہ قومی اسمبلی اجلاس سے متعلق حکمت عملی اور دیگر اپوزیشن جماعتوں سے رابطوں پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔یاد رہے کہ نیب نے شہباز شریف کی رہائش گاہ کو سب جیل قرار دیا ہوا ہے۔دریں اثناء ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کی سزا معطل کرنے کیخلاف نیب کی اپیل کی سماعت آج سپریم کورٹ میں ہوگی۔ نواز شریف اور مریم نواز کی جانب سے وکالت نامے عدالت میں جمع کر دئیے گئے۔چیف جسٹس کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا تین رکنی بنچ آج منگل کو نیب کی اپیل پر سماعت کرے گا۔ نیب نے ایون فیلڈ ریفرنس میں ہائیکورٹ کی جانب سے نواز شریف ،مریم نواز اور کپیٹن ریٹائرڈ صفدر کی سزا معطلی کے خلاف اپیل دائر کر رکھی ہے۔نواز شریف کی وکالت خواجہ حارث جبکہ مریم نواز کی وکالت امجد پرویز کریں گے۔عدالت نے نواز شریف، ان کی صاحبزادی اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کر رکھے ہیں۔

Comments (0)
Add Comment