یونڈے (امت نیوز)افریقی ملک کیمرون کے مشرقی شہر بامینڈا میں نامعلوم افراد نے 81 افراد کو اغوا کر لیا ۔اب تک کسی نے اغوا کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے ۔کیمرون کی حکومت و فوج نے شہریوں کے اغوا کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ مغویوں میں سےبیشتر اسکولوں کے طلبہ ہیں۔بامینڈا کی اکثریتی آبادی کی زبان انگریزی ہے اور یہاں علیحدگی پسند کیمرون توڑنے کیلئے مسلح جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انگریزی بولنے والے علیحدگی پسندوں نے فرانسیسی دان صدر پال بیا کی حکومت کیخلاف بطور احتجاج اپنے زیر اثر علاقوں میں کرفیو نافذ کرکے اسکولوں کو بند کر رکھا ہے۔کیمرون کے فوجی ذرائع کا کہنا ہے کہ اغوا ہونے والوں میں اسکول پرنسپل بھی شامل ہے۔ حکومت کا کہناہے کہ وہ واقعے پر نظر رکھے ہوئے ہے تاہم ترجمان نے مزید بات کرنے سے انکار کر دیا۔2017سے بامینڈا تشدد کا شکار ہے اورلوگوں کی بڑی تعداد فرانسیسی بولنے والے علاقوں میں پناہ گزین ہو چکے ہیں جنہیں قدرے پر امن کہا جاتا ہے۔