سول اسپتال انتظامیہ نے بیدخلی آپریشن ناکام بنوادیا

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سول اسپتال کراچی کی انتظامیہ کے عدم تعاون نےسرکاری کوارٹروں میں غیر قانونی مقیم افراد کو بیدخل کرنے کا آپریشن ناکام بنوا دی۔ پولیس کی بھاری نفری بغیر آپریشن کے واپس لوٹ گئی ۔ تفصیلات کے مطابق سول اسپتال کی سرکاری رہائش گاہوں میں کئی برس سےغیر قانونی رہائش پذیر با اثر افراد کے خلاف آپریشن شروع ہونے سے قبل ہی ناکام ہو گیا ۔ اسپتال کی اراضی اور مکانات پر ناجائز قبضے کے خلاف روزنامہ امت میں رپورٹ کی اشاعت کے بعد ضلعی انتظامیہ حرکت میں آگئی ، پیر کو ناجائز قابضین سے مکانات خالی کرانے کیلئے پولیس کی بھاری نفری اسپتال پہنچی ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کیلئے پولیس نفری کی اامد سے قابضین میں کھلبلی مچ گئی اور انہوں نے محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام سے رابطے کر کے اسپتال انتظامیہ پر دباؤ ڈالنا شروع کر دیا کہ آپریشن فی الحال روک دیا جائے ۔ اس صورتحال میں اسپتال انتظامیہ کے ہاتھ پاؤں پھول گئے کیونکہ چند یوم قبل ہی سپریم کورٹ نے اسپتال میں تجاوزات اور غیر قانونی قابضین کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی تھی جس پر عملدر آمد کیلئے اسسٹنٹ کمشنر گارڈن جنوبی ، ایس ایس پی سٹی ، ڈی ایس پی عید گاہ ، ایس ایچ او عید گاہ اور میونسپل کمشنر بلدیہ جنوبی کو لیٹر ارسال کئے گئے تھے تاکہ سول اسپتال کے مقبوضہ سرکاری مکانات وا گذار کرائے جا سکیں ۔تاہم ڈھائی گھنٹے تک انتظار کرانے کے بعد اسپتال انتظامیہ نے محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام سے مزید احکامات ملنے تک معاملے کو چند یوم کیلئے ملتوی کر دیا جس پر پولیس بغیر آپریشن کئے چلی گئی ۔ اس ضمن میں اسپتال کے ایک انتظامی افسر کا کہنا تھا کہ ناجائز قابضین سے مکانات اور اراضی واگزار کرانے میں ناکام رہنے پر اسپتال انتظامیہ سمیت محکمہ صحت توہین عدالت کی مرتکب ہورہی ہے جس کا انہیں سپریم کورٹ میں جواب دینا ہوگا ۔ اس حوالے سے موقف جاننے کیلئے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمد صابر میمن سے متعدد بار کوشش کے باوجود رابطہ نہ ہو سکا ۔

Comments (0)
Add Comment