کراچی(اسٹاف رپورٹر)بلدیہ اتحاد ٹاؤن میں گھر سے 20 سالہ نوجوان کی گولی لگی لاش ملی۔پولیس کا کہنا ہے کہ نوجوان کو اس کی ماں نے آشنا سے قتل کروایا۔ملزمہ کو گرفتار کرلیا گیا۔سرجانی میں فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق اتحاد ٹاؤن کے علاقے توحید کالونی خیبر چوک کے قریب گھر سے 20سالہ نوجوان کی گولی لگی لاش ملی۔مقتول کی شناخت جواد ولد نور کے نام سے ہوئی۔ایس ایچ او فلک شیر نے بتایا کہ جواد اورنگی فرید کالونی کا رہائشی تھا۔اس کی لاش بلدیہ میں رہائش پذیر کباڑی شبیر کے گھر سے ملی ہے۔مقتول کی ماں کے شبیر سے تعلقات تھے اور وہ شبیر سے ملنے کے لیے اورنگی سے بلدیہ ٹاؤن آئی تھی کہ اس کا بیٹا جواد ماں کا پیچھا کرتا ہوا پہنچا تو شبیر نے گولی مار کر جواد کو ہلاک کردیا۔اس کے بعد شبیر اور مقتول کی ماں لاش لے کر بلدیہ کے نجی اسپتال پہنچے اور وہاں سے فرار ہوگئے۔پولیس نے کہا کہ ماں فرار ہوکر اپنے گھر اورنگی چلی گئی تھی، جس کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔سرجانی ٹاؤن کے علاقے سرجانی کے ڈی اے چورنگی کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 36سالہ قادر بخش ولد شیر محمد زخمی ہوگیا۔