گرفتاریوں کے بعد ملعونہ کی رہائی کیلئے خاندان پر امید

لاہور( رپورٹ:نجم الحسن عارف) ملک بھر میں تحریک لبیک کے کارکنوں اور ان کے حامیوں کی گرفتاریوں کی مہم مکمل ہونے کے بعد ملعونہ آسیہ کا خاندان اس کی رہائی کے لئے روبکار جاری ہونے کے بارے میں پرامید ہوگیا ہے۔ آسیہ مسیح کے خاندان کے قریبی ذرائع کے مطابق آسیہ کے شوہر اور بھائی سمیت اہل خانہ نے پیر کو لاہور میں اہم ملاقاتیں کیں اور رات کو ان کی دوبارہ خانیوا ل روانگی متوقع تھی ۔ ان ذرائع کے مطابق حکام سے رابطوں کے بعد آسیہ خاندان پرامید ہے کہ ملک بھر میں جاری کریک ڈاؤن کے بعد آسیہ کی رہائی کی راہ ہموار ہوجائے گی۔ آسیہ کے خاندانی ذرائع نے اب تک رہائی نہ ہونے کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں کہا کہ سپریم کورٹ فیصلہ کے فوری بعد سڑکوں پر مظاہرین نے دھرنے شروع کردیئے۔ ان حالات میں آسیہ کی رہائی کے بعد کئی دوسرے مسائل کھڑے ہوجاتے، تاہم اب وہ پرامید ہیں کہ گرفتاریوں سے فضا سازگار ہوگئی ہے اور اب کوئی بڑا احتجاج نہ ہونے کی توقع ہے ۔ اس نمائندے نے آسیہ مسیح کے بھائی جیمز جوزف ندیم سے رابط کیا تو انہوں نے اس امید کا اظہار کیا اور بتایا کہ پیر کے روز لاہور میں ان کی ملاقاتیں تھیں ،جن کے لئے وہ خانیوال سے لاہور آئے تھے۔ اب رات کو واپس خانیوال جانے کا امکان ہے۔ دوسری جانب آسیہ مسیح خاندان کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ آج کل میڈیا سے رابطہ میں نہیں آرہے۔ عالمی برادری سے مداخلت اور مدد کے لئے جو انٹرویو سامنے آئے ہیں ،وہ انہوں نے پاکستان روانہ ہونے سے پہلے لندن میں ریکارڈ کرائے تھے۔ تاکہ اگر صورت حال ایسی پیدا ہو جائے تو یہ انٹرویو جاری کردئیے جائیں ۔ ان ذرائع کے مطابق عالمی دوستوں کی طرف سے اگر چہ تیزی سے رابطے اور تعاون سامنے نہیں آرہا۔ لیکن اگلے دنوں میں بہتر صورتحال کی توقع ہے ۔ خیال رہے کہ امریکی نائب وزیر خارجہ آج پاکستان پہنچ رہے ہیں۔ بظاہر ان کا یہ دورہ پہلے سے طے شدہ ہے۔ لیکن ذرائع کا دعویٰ ہے کہ دیگر موضوعات کے علاوہ آسیہ مسیح کے معاملے پر بھی وہ بات کریں گے،جبکہ حکومت مذہبی جماعتوں کے خلاف اپنے اقدامات گنوائے گی۔

Comments (0)
Add Comment