کراچی (رپورٹ : ارشاد کھوکھر) حکومت سندھ نےاخبارات میں ٹینڈر دیئے بغیر خریداریوں کی حد میں 100فیصد اضافے کا فیصلہ کرلیا۔ایس پیپرا رولزکے مجوزہ ترمیمی مسودے کے تحت کوٹیشن اورویب سائٹ پر ٹینڈرز کے ذریعے خریداریوں کی حد بھی 266 فیصد تک بڑھائی جائے گی۔ ٹینڈرز میں شریک اہل کے ساتھ ساتھ نااہل قرار دیئے جانے والے بولی دہندگان کے نام آویزاں کئے جائیں گے۔ ہر محکمہ کی پروکیورمنٹ کمیٹی میں کسی اور محکمہ کے متعلقہ گریڈکے افسر کا شامل ہونا ضروری ہوگا،جبکہ بلیک لسٹ ہونے والے ٹھیکیداروں کے نام ویب سائٹ پر بھی رکھے جائیں گے ۔ باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت سندھ نے ایس پپیرا رولز مجریہ2009-10میں مختلف ترامیم کرنے کا اصول فیصلہ کیا ہے۔ اس ضمن میں مسودہ منظوری کیلئے سندھ کابینہ کے آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ بغیر کوٹیشن خریداری کی حد25ہزار سے بڑھاکر 50ہزار روپے تک کرنے کی تجویز ہے۔ موجودہ رولز کے مطابق 25ہزار روپے سے زیادہ اور ایک لاکھ تک کی خریداری کوٹیشنز طلب کرکے کی جاتی ہے جس میں تقریباً 266 فیصد اضافہ کرکے کم سے کم 50ہزاراورزیادہ سے زیادہ 3لاکھ روپے تک کیا جائے گا۔اسی طرح ایک لاکھ روپے سے 10 لاکھ روپے تک کی خریداری کے لئے ٹینڈر ویب سائٹ پر جاری کئے جاتے تھے ۔ اب اسے بڑھاکر 3لاکھ روپے سے 20لاکھ روپے تک کیا جائے گا۔ اس طرح مذکورہ خریداری کی رقم میں تقریباً 188فیصد کا اضافہ تجویز کیا گیا ہے۔ موجودہ قواعد کے مطابق 10لاکھ روپے سے اوپر کی کسی بھی خریداری اور کام کے لئے اخبارات میں ٹینڈرز شائع کراکر بولی طلب کی جاتی تھی ۔ اب 100فیصد اضافے کے ساتھ اخبارات میں 20لاکھ روپے سے اوپر کی خریداری اور کام کی لئے ٹینڈرز شائع کرنے کی سفارش تیار کی گئی ہے ۔ سرکاری ذرائع کا دعویٰ ہے کہ مہنگائی میں اضافے اور مارکیٹ میں تمام اشیا وغیرہ کے نرخ بڑھ جانے کے باعث مذکورہ ترامیم کی ضرورت پیش آرہی ہیں۔اس کے ساتھ کچھ اصلاحات بھی کی جارہی ہیں جن میں کسی بھی ٹینڈر اور بولی خریداری کے متعلق شکایات کے ازالے کے لئے کمیٹی تشکیل دی جائے گی ۔ کسی بھی ٹھیکیدار کے بلیک لسٹ ہونے کی صورت میں متعلقہ ٹھیکیدار کو بتانے کے ساتھ حکومت کو بھی آگاہ کیا جائے گا ،نیز اس کا اور کمپنی کا نام ویب سائٹ پر رکھا جائے گا ۔اب ہر محکمے کی خریداری کے حوالے سے پروکیورمنٹ کمیٹی میں ضروری ہوگا ۔ اس میں کسی اور محکمہ کے متعلقہ گریڈ افسر بھی شامل ہو ۔ تمام محکمے اس بات کے پابند ہوں گے کہ وہ اپنے محکمے کی تمام پروکیورمنٹ کے متعلق ہر سال اگست کے مہینے میں ایس پیپرا کو تفصیلات فراہم کرے گا۔ ادھر محکمہ اس بات کا پابند ہوگا کہ وہ اپنی پروکیورمنٹ پلان متعلقہ محکمہ کی ویب سائٹ کے ساتھ ایس پیپرا کی ویب سائٹ پر بھی شامل کرائے گا۔ اس کے علاوہ کسی بھی ٹینڈر وغیرہ میں حصہ لینے والوں میں سے اہل قرار دیئے جانے والے بولی دہندگان کے ساتھ نااہل قرار دیئے جانے والے بولی دہندگان کے نام بھی ظاہر کئے جائیں گے ۔ ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ ترمیم کے ساتھ مختلف امور میں کنسلٹنسی کے حوالے سے کنسلٹنٹ مقرر کرنے کے متعلق بھی بعض ترمیم تجویز کی گئی ہیں۔