عمر گل ٹیسٹ اسکواڈ میں واپسی کے خواہشمند

لاہور(امت نیوز) فاسٹ باؤلر عمر گل ایک مرتبہ پھر قومی ٹیسٹ سکواڈ میں واپسی کے خواب دیکھنے لگے جن کا کہنا ہے کہ وہ ایک بات جانتے ہیں کہ موجودہ ٹیم کو تجربے کی بھی ضرورت ہے۔قومی ٹیم میں نئے پلیئرز اور بالخصوص فاسٹ باؤلرز کی آمد کے بعد 34 سالہ عمر گل کی واپسی آسان نہیں لگتی لیکن حبیب بینک کے لیے قائد اعظم ٹرافی کے چھ میچوں میں21 وکٹوں اور محمد حفیظ کی ٹیسٹ ٹیم میں سنچری کے ساتھ واپسی نے ان کے دل میں یہ امنگ پیدا کردی ہے کہ وہ بھی واپسی کے بعد ٹیم کے لیے موثر ثابت ہو سکتے ہیں۔عمر گل کے مطابق انہیں محسوس ہوتا ہے کہ موجودہ ٹیم فاسٹ باؤلنگ کے شعبے میں تجربے کے فقدان کا شکار ہے اور ٹی ٹونٹی سکواڈ میں جگہ بنانا تو کم وبیش ناممکن لیکن ون ڈے اور ٹیسٹ ٹیم میں آسان ہے کیونکہ دونوں فارمیٹس میں گرین شرٹس کو جدوجہد کا سامنا ہے۔ستمبر 2016ء میں آخری بار قومی ٹیم کی نمائندگی کرنے والے 34سالہ پیسر نے ایشیاء کپ کا حوالہ دیا جہاں پاکستانی پیسرز کو شدید مشکلات کا سامنا رہا جب کہ ان کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ ٹیم بھی صرف ایک عمدہ کارکردگی کے مالک دائیں ہاتھ کے فاسٹ باؤلر محمد عباس پر انحصار کر رہی ہے تاہم بائیں ہاتھ کے دیگر باؤلرز فاسٹ باؤلنگ کا بوجھ اٹھانے میں ناکام ہیں۔عمر گل کے مطابق پاکستانی ٹیسٹ ٹیم تجربے کے شدید فقدان کا شکار ہے اور وہ اس مسئلے کو حل کر سکتے ہیں کیوں کہ قائد اعظم ٹرافی میں ان کی کارکردگی کسی سے بھی پوشیدہ نہیں ہے۔حالیہ عرصے میں نظر انداز کئے جانے پر مایوس عمر گل نیوزی لینڈ کیخلاف سے شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز میں واپسی کے لیے پرامید ہیں۔یاد رہے کہ عمر گل2003 ء سے 2016ء کے درمیان47ٹیسٹ ، 130ون ڈ ے اور60ٹی ٹونٹی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔
٭٭٭٭٭

Comments (0)
Add Comment