کراچی(اسٹاف رپورٹر) فیڈرل بی ایریا میں نجی اسپتال میں ڈاکٹر کی مبینہ غفلت ولاپرواہی سے مریض جاں بحق ہوگیا، اہلخانہ کی جانب سے واقعہ کے خلاف کلینک کے باہر احتجاج سے بد ترین ٹریفک جام ہوگیا۔ فیڈرل بی ایریا بلاک 20انچولی میں واقع نجی اسپتال میں ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت ولاپرواہی سے 60 سالہ محمد یاسین دوران علاج جاں بحق ہو گیا، پولیس کے مطابق 60 سالہ یاسین کو طبیعت ناساز ہونے پر اس کے اہل خانہ انچولی میں واقع نجی اسپتال لے کر آئے تھے، جہاں دوران علاج ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت کے باعث مذکورہ شخص کی حالت غیر ہوگئی اور وہ جاں بحق ہوگیا، واقعہ کے بعد متوفی کے ورثا نے نجی اسپتال کے باہر اسپتال انتظامیہ اور ڈاکٹر کے کیخلاف احتجاج شروع کردیا اور شدید نعرے بازی کی، احتجاج کے باعث واٹر پمپ سے سہراب گوٹھ جانیوالی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوگئی اور بدترین ٹریفک جام ہوگیا، اس دوران مشتعل مظاہرین کا کہنا تھا کہ متوفی محمد یاسین کو پیٹ میں درد کی شکایت پر مذکورہ اسپتال لے کر پہنچے تھے جہاں ڈاکٹر کی جانب سے متوفی کو انجکشن لگایا اور ایک گولی زبان کے نیچے رکھنے کے لئے دی تھی، جس کے بعد متوفی کی حالت غیر ہوئی اور اس کی موت واقع ہوگئی۔ پولیس کی جانب سے ورثا کو متوفی کا پوسٹ مارٹم کرانے اور وجہ موت پتا چلنے پر ذمہ دار ڈاکٹر کے خلاف کارروائی اور مقدمہ درج کرنے کی یقین دہانی کرانے پر مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہو گئے، ایس ایچ او افتخار احمد نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ پولیس کی جانب سے متوفی کے ورثا کو لاش کا پوسٹ مارٹم کرانے کا کہا گیا تھا تاہم ورثا کی جانب سے صلاح مشورہ کے بعد انکار کردیا گیا۔