کراچی(اسٹاف رپورٹر)اسٹیٹ بینک نے کمرشل بینکوں کے کارڈز کا ڈیٹا چوری ہونے سے متعلق رپورٹس کو مسترد کردیا ہے۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 27 اکتوبر2018کوصرف ایک بینک کا سیکورٹی حصار توڑنے کا واقعہ پیش آیا اس کے بعد بینکوں کا ڈیٹا چوری ہونے کا کوئی ثبوت نہیں ملا اور نہ ہی کسی بینک کی جانب سے ایسی کوئی شکایت موصول ہوئی ہے۔ اسٹیٹ بینک ایسی تمام رپورٹس کومسترد کرتا ہے جس میں بینکوں کا ڈیٹا ہیک ہونے کی بات کی گئی ہو۔بینکوں کے ٹرانزیکشن نظام کو مضبوط بنانے کے لیے پہلے ہی ہدایت جاری کی جاچکی ہیں اور واضح طور پر کہا جاچکا ہے کہ کسی بھی سائبر حملے کی صورت میں بینک پیشگی تدارک کریں اسی لیے پیشگی احتیاط کے سبب چند بینکوں نے بین الاقوامی لین دین مکمل طور پر بند کر رکھا ہے، کمرشل بینکس اپنے خودکار سیکورٹی سسٹم سے مطمئن ہیں اور اسٹیٹ بینک معاملے کی خود نگرانی کررہا ہے۔