ڈاکٹر عافیہ نے رہائی کیلئے عمران سے مدد کی اپیل کردی

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا میں قید ڈاکٹرعافیہ صدیقی نے وزیراعظم عمران خان سے رہائی میں مدد کی اپیل کردی۔سفارتی ذرائع کے مطابق امریکی جیل میں قید عافیہ صدیقی نے وزیراعظم عمران خان کے نام خط لکھا ہے جو عافیہ صدیقی نے ہیوسٹن میں پاکستانی قونصل جنرل کو جیل میں ملاقات کے دوران دیا۔ عافیہ صدیقی نے خط میں لکھا ہے کہ عمران خان نے ماضی میں میری بہت حمایت کی ہے جس پر شکر گزار ہوں لہٰذا عمران خان میری رہائی میں مدد کریں۔خط میں لکھا ہے کہ میں قید سے باہر نکلنا چاہتی ہوں، امریکا میں میری سزا غیر قانونی ہے کیوں کہ مجھے اغوا کر کے امریکا لایا گیا تھا۔عافیہ صدیقی نے خط میں کہا ہے کہ عمران خان ہمیشہ سے میرے ہیرو رہے ہیں، عمران خان کو اپنے اردگرد موجود منافقین سے محتاط رہنا چاہیے۔عافیہ صدیقی نے وزیر اعظم عمران خان کے مخالفین کو کہا کہ عمران خان پر تنقید کرنے والوں کو اپنی تنقید بند کر دینی چاہیے، انہوں نے ماضی میں غلطیاں کیں مگر اب وہ ویسے نہیں رہے اور اسلامی قوانین میں غلطیوں پر توبہ کرنے والے کی غلطیاں معاف کر دی جاتی ہیں۔

Comments (0)
Add Comment