کراچی (رپورٹ : خالد زمان تنولی ) بلدیہ عظمی کے محکمہ انسداد تجاوزات نے سپریم کورٹ کے احکامات پر دوسرے روزبھی بھرپور آپریشن کرتے ہوئے صدر میں ایمپریس مارکیٹ سے متصل نعمان سینٹر سمیت دیگر مارکیٹوں کی دکانوں کےآگے لگائے گئے سیکڑوں ٹھیلے۔ پتھارےہٹا اور چھجے گرا دیئے اس دوران عملے کو مزاحمت کا سامنا بھی کرنا پڑا ۔تفصیلات کے مطابق محکمہ انسداد تجاوزات کی ٹیم نے گذشتہ روز صدر کے علاقے پارکنگ پلازہ ، سی بر یز ، نعمان سینٹر اور اطراف میں تجاوزات کیخلاف آپریشن کرتے ہوئے سیکڑوں پتھارے اور ٹھیلے ہٹا دیئے اور واقع دکانوں کے چھجے گرادیئے۔ کارروائی میں ضلعی انتظامیہ، رینجرز، پولیس، بلدیہ عظمیٰ کےمحکمہ انسداد تجاوزات کے اہلکاروں۔ بلدیہ جنوبی ۔ شرقی۔سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ ، سوئی سدرن گیس اور کے الیکٹرک کے متعلقہ ذمہ داران نے بھرپور حصہ لیا اور داؤد پوتہ روڈ ، زیب النسا اسٹریٹ، پاسپورٹ آفس سے ملحقہ گلیوں، نیو پریڈی اسٹریٹ، ایمپریس مارکیٹ اور، ریگل چوک سمیت دیگر فٹ پاتھوں کو تجاوزات سے پاک کردیا، مختلف اداروں کی 4 ٹیموں نے علیحدہ علیحدہ کارروائیوں میں مختلف فٹ پاتھوں سے تجاوزات ہٹادیں جہاں پر غیرقانونی دکانیں ، گنے کی مشینیں ، چبوترے، لوہے کا سامان ودیگر اشیارکھی ہوئی تھیں جس کے باعث راہگیروں کو چلنے میں مشکلات کا سامنا تھا ۔ڈیمالیشن ٹیموں ٹیم نے بھاری مشینری سے فٹ پاتھوں پر تعمیر ہوٹلوں اور دکانوں کے شیڈزودیگر تجاوزات گرا دیں، نعمان سینٹر کے سامنے اور اطراف میں آپریشن کے دوران ٹھیلہ مافیا نے رکاوٹ ڈالی تاہم رینجرز اور پولیس کے پہنچنے پر مافیا کے کارندے بھاگ گئے جس کے بعد نعمان سینٹر اور اطراف سے پتھارے ہٹائے گئے ۔ انسداد تجاوزات کے سینئر ڈائریکٹر بشیر صدیقی نے بتایا کہ ایمپریس مارکیٹ کے اطراف 500سے زائد پتھاروں اور ٹھیلے والوں کو دو روز پہلے نوٹس دیا گیا تھا، زیادہ تر پتھارےوالوں اورتمام ٹھیلے والوں نے آپریشن سے پہلے ہی اپنا سامان اٹھا لیا تھا۔ پہلے مرحلے میں پتھارے اور دکانوں پر لگے بورڈز ہٹائے جارہے ہیں اور دوسرے مرحلے میں تعمیرات مسمار کی جائیں گی جبکہ نعمان سینٹر کے سامنے غیر قانونی تعمیرات کو بھی مسمار کیا جائے گا مذکورہ دکانوں کے اوپر رہائش بھی رکھی ہوئی ہے ، میونسپل کمشنر سیف الرحمان نے بتایا کہ گرینڈ آپریشن چار روز جاری رہے گا۔آپریشن کے دوران ضبط کیا گیا سامان بلدیہ عظمیٰ کے اسٹور میں جمع کرا دیا گیا ہے ۔