کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمن نے کہا ہے کہ معاہدے کے بعد لبرل قوتیں حکومت کو ابھاررہی ہیں ۔ ریاست کو اپنا وعدہ پورا کرنا چاہئے ۔اگر وعدہ خلافی کی گئی تو عوام کا ریاست سے اعتبار اٹھ جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائشگا ہ پر تحریک لبیک کے سربراہ علامہ خادم رضوی سے ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت اقتصادی مسائل کا شکار ہے۔حکومت کو قائم ہوئے زیادہ وقت نہیں ہوا۔حالات کا تقاضہ ہے کہ مسائل میں اضافہ نہیں کیا جانا چاہیئے۔صبر و تحمل سے ملک کو اس صورتحال سے نکالنا چاہیئے۔چند روز سے لبرل میڈیا حکومت کو اُبھار رہا ہے۔گزارش ہے کہ ماضی میں بھی ایسے حالات میں تحمل کا مظاہرہ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ کچھ وزرابڑے بڑے دعوے کررہے ہیں۔وزیراعظم کو چاہیئے جذبات کے بجائے مکالمے کو فوقیت دیں۔ہم مودی کے ساتھ مذاکرات کی بات کرتے ہیں اپنے لوگوں کے ساتھ مذاکرات میں پس و پیش سے کام لیتے ہیں۔