لاہور(امت نیوز) مقامی احتساب عدالت نے پنجاب پاور ڈیولپمنٹ کمپنی کے سابق چیف فنانشل افسر اکرام نوید کی جانب سے 49 کروڑ روپے کی پلی بارگین کی درخواست منظور کر لی ہے ۔ عدالت نے اکرام نوید کو کرپشن اور پنجاب صاف پانی کمپنی مقدمات سے بری کرنے کا حکم دیدیا ہے ۔اکرام نوید سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے داماد عمران علی یوسف کے خلاف وعدہ معاف گواہ بن چکا ہے اور چیئرمین نیب پہلے ہی اس کی پلی بارگین کی درخواست منظور کر چکے ہیں ۔عمران آج کل لندن میں روپوش ہے اور عدالت اسے صاف پانی اور پنجاب پاور ڈیولپمنٹ کیسز میں اشتہاری ملزم قرار دے چکی ہے ۔نیب کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ اکرام نوید نے 13کروڑ 19لاکھ روپے عمران علی کو دینے کا اعتراف کیا ہے ۔ اکرام نوید نے اپنی تعیناتیوں کے دوران خزانے کو 49کروڑ روپے کا نقصان پہنچایا تھا ۔عمران علی نے ہی اکرام نوید کو دونوں کمپنیوں میں تعینات کرایا تھا ۔2016 میں اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب نے اکرام نوید کے خلاف کرپشن کے الزامات میں تحقیقات کی تھیں اور بعد ازاں کلین چٹ دیدی ،تاہم بعد میں نیب نے تحقیقات کیں تو اسے کرپشن میں ملوث قرار دیا تھا ۔اکرام نویدنے پنجاب پاور کمپنی، پی ایچ اے اور ایرا میں 49کروڑ 92لاکھ 1ہزار 329روپے کی کرپشن کا اعتراف کیا تھا ۔نیب کے مطابق اکرام نوید کو شہباز شریف کے داماد عمران علی کو 13کروڑ دینے کے ثبوت دینا ہوں گے ،ورنہ وہ یہ رقم خود ادا کرنے کا پابند ہو گا۔