میر پور خاص (مانیٹرنگ ڈیسک) میر پور خاص میں ایک وکیل نے انوکھا احتجاج کرتے ہوئے بھنگ کی دکانیں کھولنے کی اجازت طلب کی ہے۔ پریس کلب کے باہر بدھ کی صبح ایڈووکیٹ امان اللہ سومرو ڈنڈے اور کونڈے کے ساتھ پہنچا، جہاں انہوں نے بھنگ گھوٹ کر تیار کی اور سبز رنا کے محلول والا ایک گلاس پی گئے۔ امان اللہ سومرو شہر میں اسٹامپ وینڈر کا کام کرتے ہیں۔ ان کا ماننا ہے کہ بھنگ منشیات نہیں بلکہ جڑی بوٹی ہے، اس میں کوئی بھی کیمیکل نہیں اور نہ ہی نقصان دہ ہے۔ ’پہلے یہ چالیس روپے کلو ملتی تھی لیکن اب یہ 12 سو روپے کلو بھی نہیں ملتی۔ امان اللہ سومرو نے بھنگ کی دکانیں کھولنے کی درخواست سپریم کورٹ میں بھی دائر کی تھی۔ ان کا کہنا ہے کہ عدالت نے کہا کہ یہ ان کا دائرہ اختیار نہیں اور انہیں سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کرنا چاہیے، جس کے بعد انہوں نے سندھ ہائی کورٹ میں یہ درخواست دی ہے جہاں یہ گزشتہ آٹھ ماہ سے زیر سماعت ہے۔