اشتعال انگیز تقریر میں سہولت کاری کیس میں مزید گواہ طلب

کراچی(اسٹاف رپورٹر) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے اشتعال انگیز تقریر میں سہولت کاری اور مواد کی تقسیم سے متعلق کیس میں گواہ کا بیان قلمبند کرتے ہوئے مزید گواہوں کو طلب کرلیا ہے۔بدھ کے روز انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں سماعت کے موقع پرمتحدہ کے سابق رکن سندھ اسمبلی شیراز وحیدو دیگر ملزمان پیش ہوئے۔ سماعت کے دوران استغاثہ کی جانب سے ایک اور گواہ پولیس اہلکار نے بیان قلمبند کرایا۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر مزید گواہوں کو طلب کرتے ہوئے سماعت 24نومبر تک ملتوی کردی ہے۔ علاوہ ازیں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے پراسیکیوٹر نعمت علی رندھاوا کے قتل سے متعلق کیس میں ایم ایل او کا بیان قلمبند کرتے ہوئے مزید گواہوں کو طلب کرلیا ہے۔بدھ کے روز سینٹرل جیل میں قائم انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پراسیکیوٹر نعمت علی رندھاوا کے قتل سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔سماعت کے موقع پر متحدہ کارکن کاظم عباس رضوی اور نعمان کو عدالت میں پیش کیا گیا۔

Comments (0)
Add Comment