واشنگٹن(امت نیوز)امریکہ میں ہونے والے وسط مدتی انتخابات میں پہلی بار3مسلم خواتین بھی کانگریس کے ایوان زیریں پہنچ گئیں۔افغان نژاد صفیہ وزیر ہمشائر،راشدہ طلائب اور الہان عمر کو بھی منتخب کر لیا گیا ہے۔27سالہ صفیہ وزیر کا آبائی تعلق افغانستان سےہے اور وہ مدمقابل ری پبلکن امیدوار ڈینس سوسی کو شکست دے کر ایوان نمائندگان کی رکن چنی گئی ہیں۔ صفیہ بچپن میں ہی والدین کے ساتھ امریکہ پہنچی تھی۔فلسطینی راشدہ طلائب مشی گن کے13ویں کانگریشنل ضلع سے ڈیموکریٹ پارٹی کی امیدوار تھیں اور ان کے مقابلے پر ری پبلکن امیدوار سامنے نہیں آیا۔راشدہ14بہن بھائیوں میں سب سے بڑی ہیں۔ایک اور ڈیموکریٹ مسلم خاتون الہان عمر منی سوٹا سے 5ویں کانگریشنل ضلع کے 72فیصد ووٹ لے کر ایوان نمائندگان میں پہنچیں۔ان کے مدمقابل ری پبلکن امیدوار کو محض22فیصد ہی ووٹ ملے۔الہان کے والدین کا تعلق صومالیہ سے ہے اور وہ ملک میں جاری خانہ جنگی کے دوران8سال کی عمر میں صومالیہ سےہمراہ فرار ہوئیں اور4برس تک کینیا کے پناہ گزین کیمپ میں رہیں۔ان کے خاندان نے1997میں منی سوٹا میں رہائش اختیار کی جہاں صومالی افراد کی بڑی تعداد مقیم ہے۔